لاہور (این این آئی)پاکستان سپر لیگ 8 کے فائنل میں شاندار بولنگ کرنے والے زمان خان کے حوالے سے فاسٹ بولر حسن علی نے لاہور قلندرز کے مالک سے خصوصی درخواست کرتے ہوئے کہاہے کہ براہ مہربانی زمان خان کو اس سال ایک کنال گھر تحفے میں دیں۔تفصیلات کے مطابق زمان خان نے سلطانز کے خلاف فائنل کے آخری اوور میں 13 رنز کا دفاع کیا جبکہ کریز پر خوشدل شاہ اور عباس آفریدی موجود تھے۔ٹوئٹر پر اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرنے والے حسن علی نے زمان سے متعلق قلندرز کے مالک سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ براہ مہربانی زمان خان کو اس سال ایک کنال گھر تحفے میں دیں۔حسن نے لاہور کی ٹیم کو مبارک باد پیش کی اور ملتان کی شکست پر افسوس کا اظہار کیا۔خیال رہے کہ ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز مسلسل دوسری بار پاکستان سپر لیگ کی چیمپئن بن گئی، لاہور پہلی ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل میں اعزاز کا دفاع کیا ہے۔