لاہور(این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل اسد عمر کی اہلیہ نے اپنے خاوند کی رہائی کیلئے اور نظر بندی کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں الگ الگ درخواستیں دائر کردیں۔درخواست میں ڈپٹی کمشنر، سی سی پی او، آئی جی اور جیل سپرنٹنڈنٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست گزار صوفیہ فاطمہ نے موقف اپنایا کہ اسد عمر قانون کی پابندی کرنے والے شہری ہیں، وہ غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث نہیں، غیر قانونی حراست میں ہیں۔ اہلیہ اسد عمر کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ پولیس نے ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر اسد عمر کو حراست میں لیا، ڈپٹی کمشنر نے غیر قانونی طور پر نظربندی کا حکم جاری کیا ہے۔درخواست میں مزید اپنایا گیا کہ صحت کے متعلق جاننے کیلئے ملنے کی کوشش کی لیکن ملوانے سے انکار کر دیا گیا۔استدعا ہے اسد عمر کی نظر بندی کو غیر قانونی قرار دے کر رہا کیا جائے۔