اسلام آباد (این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کر کے اسلام آباد کے تھانہ آبپارہ منتقل کردیا۔ دریں اثناء شیخ رشید نے کہاکہ ان لوگوں نے دروازے توڑ کر گھر میں داخل ہوکر میرے بچوں کو مارا ہے، میرے ساتھ زیادتی اور ظلم کیا ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ
سو دو سو مسلح لوگ میرے گھر میں داخل ہوئے اور میرے ملازمین پر تشدد کیا، میرے گھر کی تلاشی لی۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ لوگ سیڑھیاں لگا کر گھر میں داخل ہوئے، گھر کے دروازے توڑے اوربدتمیزی کی۔شیخ رشید نے کہا کہ مجھے زبردستی گاڑی میں ڈال کر یہاں لایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تھانہ آب پارہ کے ایس ایچ او کو (ن)لیگ نے لگایا ہے اور رانا ثنا ء اللہ یہ سارا کام کروا رہا ہے۔دریں اثناء ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہاکہ شیخ رشید احمد کے گھر پر کوئی بچے موجود نہیں تھے، کوئی شیشے توڑے گئے اور نہ ہی توڑ پھوڑ کی گئی۔ترجمان پولیس کے مطابق شیخ رشید احمد نے پولیس افسران سے بدسلوکی کی اور نازیبا زبان استعمال کی،شیخ رشید احمد یا گھر پر موجود کسی ملازم سے کسی قسم کا ناروا سلوک نہیں کیا گیا۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس منفی پراپیگنڈے کی بھرپور مذمت کرتی ہے۔ترجمان کے مطابق عدالتوں کے اندر اور باہر نظم و ضبط کا قانون کے مطابق مظاہرہ کیا جائے۔ترجمان نے کہاکہ انہیں کوئی تکلیف نہیں پہنچائی گئی بلکہ ان کی بدزبانی اور ناروا سلوک کے باوجود پولیس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا۔ترجمان نے کہاکہ غلط بیانی سے گریز کیا جائے، اسلام آباد کیپیٹل پولیس تمام قانونی تقاضے پورے کررہی ہے اور پورے کرے گی۔ترجمان نے کہاکہ شیخ رشید احمد کو جس حالت میں گرفتار کیا گیا ہے اس بابت مزید کہنا تفتیش کو متاثر کرے گا۔بعد ازاں سابق وزیر شیخ رشید احمد کو ایک بار پھر پولی کلینک ہسپتال طبی معائنہ کیلئے لایاگیا۔
شیخ رشید احمد نے کہاکہ امپورٹڈ حکومت ہے،ختم کر کے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ یہ میری گھڑیاں اور پیسے لے گئے ہیں،میرے ملازوں کو مارا گیا۔ انہوں نے کہاکہ جس حکومت نے مجھے گرفتار کیا وہ بھٹو کی ہو، نواز شریف کی ہو ختم ہوئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ساری قوم عمران خان کے ساتھ ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہاکہ سب سن لیں یہ نواز شریف کی سیاسی موت ہے،
شہباز شریف تمہارے دن گنے جا چکے ہیں۔دریں اثناء پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا کہ وہ شیخ رشید کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ اتنی متعصبانہ نگران حکومت تاریخ میں کبھی نہیں آئی۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں سڑکوں پر آنے پر مجبور کیا جارہاہے،کیا ملک ایسے وقت احتجاج کا متحمل ہوسکتا ہے جب امپورٹڈ حکومت کے ہاتھوں دیوالیہ ہو چکے ہیں۔



















































