ممبئی (این این آئی ) بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے کہا ہے کہ فلم ’’ پٹھان ‘‘ نے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی ، فلم پیار سے بنی اور لوگوں نے پیار سے دیکھی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان نے اپنی فلم ’’ پٹھان ‘‘ کی کامیابی پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم نے اس فلم کو مکمل کرنے کے لئے گزشتہ 4 سالوں میں کافی محنت کی ہے۔
بالی ووڈ کنگ نے ان لوگوں پر بھی طنز کیا جنہوں نے فلموں کے فلاپ ہونے پر کہا تھا کہ شاہ رخ کا وقت ختم ہو گیا ہے، کنگ خان نے کہا کہ فلمیں فلاپ ہونے پر میں تو متبادل کام بھی سیکھنے لگ گیا تھا ۔شاہ رخ خان نے مزید کہا کہ پٹھان نے کسی کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی ہے، یہ فلم پیار سے بنی ہے اور لوگوں نے بھی اس فلم کو اسی پیار سے دیکھا ہے، یہ میری خوش قسمتی ہے کہ مجھے میرے مداح بے حد پیار دیتے ہیں۔ دوسری جانب بھارتی اداکارہ دیپیکا پڈوکون بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ کام کے سوال پر پریس کانفرنس میں آبدیدہ ہوگئیں۔اس موقع پر دیپیکا پڈوکون کا کہنا تھا کہ میری پہلی فلم سے شاہ رخ نے مجھے بہت محبت دی اور میں نے اِن سے اعتماد حاصل کیا۔شاہ رخ خان سے اپنے تعلق کے متعلق اداکارہ کا کہنا تھا کہ ہم ایک دوسرے پر بھروسہ کرتے ہیں اور محبت کرتے ہیں، میں ان کی بطور فنکار اور ایک انسان بہت عزت کرتی ہوں۔دیپیکا پڈوکون کا مزید کہنا تھا کہ ہماری دوستی کی کیمسٹری بہت گہری ہے اگر شاہ رخ نہ ہوتے تو میں یہاں نہ ہوتی۔واضح رہے کہ شاہ رْخ خان، دیپیکا پڈوکون اور جان ابراہم کی بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ نے ریلیز کے پانچویں دن دنیا بھر سے 500 کروڑ سے زائد کما کر دیگر تمام فلموں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔



















































