بیونس آئرس (این این آئی )اپنے ملک میں مہنگائی سے تنگ مشہورارجنٹینائی مصور نے بطوراحتجاج اصل نوٹوں پر اپنی تخلیقات جاری کی ہیں جنہیں دیکھ کر ان کے غصے کا اظہار دکھائی دیتا ہے۔
سرگیو گیولیرموڈیاز نے اس کام کے لیے قیمتی ترین نوٹ بھی استعمال کئے ہیں حالانکہ اب ایک ڈالر 178 ارجنٹینا روپے (پیسو)کے برابر ہوگیا ہے یہاں تک کہ وہاں بھی ڈالر عنقا ہوچکے ہیں اور بلیک مارکیٹ میں فروخت ہورہے ہیں۔ لیکن مقامی کرنسی کی قدر میں تیزی سے کمی ہورہی ہے اور رک نہیں رہی۔ اسی وجہ سے ملک کی 40 فیصد آبادی غربت میں گھرچکی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہر نوٹ پر تصویر بنانے میں انہیں بہت وقت لگتا ہے لیکن جب نوٹ کی بدلی شکل سامنے آتی ہے تو وہ ایک خاموش احتجاج کی صورت پیش کرتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہوں نے یورو اور ڈالر پر بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے فٹبالر لائنل میسی کی تصویر بھی نوٹوں پر بنائی ہے۔سرگیو کے مطابق اس کے ہم وطن قوتِ خرید کھوچکے ہیں اور سخت پریشان ہیں اور ایک حساس فنکار کی حیثیت سے وہ اپنا ردِ عمل پیش کرتے رہیں گے۔