اسلام آباد (این این آئی)نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سید زادے ہیں اور سید سرور منیر شاہ کے صاحبزادے ہیں۔تفصیلات کے مطابق لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، سید زادے ہیں اور سید سرور منیر شاہ کے صاحب زادے ہیں،سید عاصم منیر شاہ ڈھیری حسن آباد راولپنڈی کینٹ کے رہائشی تھے۔ لیکِن اب یہ فیملی اپنا گھر چھوڑ کر یہاں سے شفٹ ہو گئی ہے،
ماضی میں اِن کا گھر ڈھیری حسن آباد راولپنڈی میں کنٹونمنٹ بورڈ ڈسپینسری کے سامنے والی گلی میں داخل ہوتے ہوئے بائیں جانب واقع تھا،عاصم منیر کے والد سید سرور منیر شاہ صاحب مرحوم اْستاد تھے اور ایف جی ٹیکنیکل ہائی اسکول لالکرتی راولپنڈی کے پرنسپل تھے۔ جنرل عاصم منیر کا آرمی چیف بننا ڈھیری حسن آباد کے باسیوں لئے قابلِ فخر بات ہے،اسکے ساتھ ساتھ ماضی کے مشہور بیوروکریٹ فواد حسن فواد، ماضی کے مشہور صحافی اور موجودہ سیاست دان عرفان صدیقی اور موجودہ صحافی اور اینکر پرسن سید طلعت حسین کا تعلق بھی ڈھیری حسن آباد سے ہے۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر، آرمی چیف بننے سے پہلے کوارٹر ماسٹر جنرل جی ایچ کیو تھے، جنرل عاصم منیر، ماضی میں کور کمانڈر گوجرانوالہ، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی ایم آئی اور ایف سی این اے کے کمانڈر کے اہم ترین عہدے پر فائز رہ چکے ہیں۔ اس کے ساتھ جنرل عاصم منیر حافظ قرآن بھی ہیں۔ عاصم منیر صاحب جب مدینہ شریف میں بھی بطور کرنل اہم ذمہ داریاں سر انجام دے چکے ہیں جنرل عاصم منیر نے پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول سے نہیں بلکہ آفیسرز ٹریننگ اسکول(او ٹی ایس) منگلا سے پاک آرمی میں شمولیت اختیار کی۔ جنرل عاصم منیر آرمی چیف بننے والے پاکستان آرمی کے دوسرے آرمی چیف ہوں گے جو او ٹی ایس سے فارغ التحصیل ہو کر آئے اور آرمی چیف بنے۔
اس سے پہلے جنرل ضیاء الحق او ٹی ایس سے پاک فوج میں شامل ہوئے تھے جو بعد میں آرمی چیف بنے تھے۔جنرل عاصم منیر 17واں او ٹی ایس کورس منگلا سے پاس آؤٹ ہوئے تھے۔ جنرل عاصم منیر فوج کے موسٹ سینئر جنرلز کی لسٹ میں آرمی چیف کی تعیناتی کے لیئے سب سے سینئر موسٹ جنرل تھے۔