رائے ونڈ (این این آئی )عالمی تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ آہوں، سسکیوںاوررقت آمیز دعاکے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا ۔اختتامی دعامولانا محمد ابراہیم آف انڈیانے کروائی۔دعا صبح 8بجکر 25منٹ پر شروع ہو کر 8بجکر 45منٹ پر ختم ہوئی۔
دعا میں اسلام ،پاکستان سمیت دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کیلئے اللہ کے حضورخصوصی التجائیں کی گئیں،دعا کے اہم نکات درج ذیل تھے۔یااللہ امت کو پریشانیوں سے نکال دے ،یااللہ مقروضین کے قرضوں کی ادائیگی کے لئے غائب سے اسباب پیدا فرما ،بے اولادوں کو نرینہ اولاد نصیب فرما ،پوری دنیا میں دینی مدارس کی حفاظت فرما ۔یاللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرما ،اپنی رحمتوں و برکتوں کا نزول فرما ،یاللہ ہمارئے اٹھائے ہوئے ہاتھوں کو قبول فرما ،دعوت و تبلیغ کے کام کو پوری دنیا میں پھیلا دے ،امت کو مشکلات اور پریشانیوں سے نجات دے،مساجد کی حفاظت فرما ،یاللہ دین کی ہوائیں چلا دے ،دین کی فضا ئیں بنا دے ،ہر امتی کو دین پر چلنے والا بنا دے ،اکرام مسلم پر عمل کی توفیق فرما ،اجتماع کو قبول فرما ۔