لاہور(این این آئی) تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کی جانب سے تبدیلی کے مطالبے کے بعد انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے عہدے کا چارج چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا۔آئی جی پنجاب نے وفاقی حکومت کو بطور آئی جی پنجاب مزید خدمات جاری نہ رکھنے کے بارے میں خط لکھ دیا ہے۔آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ بعض ذاتی وجوہ کی بنا ء پر بطور آئی جی پنجاب مزید خدمات جاری نہیں رکھ سکتا۔درخواست گزار ہوں کہ پنجاب سے میری خدمات فوری واپس لی جائیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل بھی موجودہ پنجاب حکومت کے ساتھ کام نہ کرنے کی وجہ سے رخصت پر ہیں۔آئی جی پنجاب نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو لکھے گئے خط کی کاپی چیف سیکرٹری پنجاب اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے پرنسپل سیکرٹری کو بھی بھجوا دی ہے۔