اسلام آباد(آئی این پی)حکومتی ذرائع نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ کوئی مذاکرات ہو رہے ہیں نہ ہی کوئی امکان ہے۔ایک نجی ٹی وی نے حکومتی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کے معاملے پر 13 رکنی کمیٹی کا مقصد پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ مذاکرات نہیں ہے، کمیٹی کا مقصد حکومت میں بیٹھی تمام جماعتوں کو فیصلہ سازی میں شامل کرنا ہے۔حکومتی ذرائع کے مطابق لانگ مارچ سے کیسے نمٹنا ہے، فیصلہ اتحادی جماعتوں پر مشتمل کمیٹی کرے گی، حکومت کے پی ٹی آئی کے ساتھ نہ کوئی مذاکرات ہورہے ہیں نہ کوئی امکان ہے۔وفاقی وزرا نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ مذاکرات کے تاثر کو مسترد کر دیا۔