لاہور( این ا ین آئی)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ مرحوم صحافی ارشد شریف کو وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے خطرہ تھا۔پارٹی رہنما علی زیدی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں عمران اسماعیل نے بتایا کہ
دو بار ارشد شریف نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو بتایا تھا کہ ان کی زندگی کو خطرہ ہے، حکومت نے دبا ئوڈال کر ارشد شریف کو دبئی سے نکلوایا۔لانگ مارچ سے متعلق عمران اسماعیل نے کہا کہ عمران خان کا مقابلہ بلاول بھٹو سے کیا جا رہا ہے، ہمارے لانگ مارچ سے سندھ حکومت کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ 45 کروڑ روپے لانگ مارچ کو روکنے کے لیے مختص کیے گئے ہیں، رانا ثنا اللہ بہت جلد عمران خان سے معافی مانگنے والے ہیں۔علاوہ ازیں پی ٹی آئی رہنما فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ حکومت ارشد شریف کو تحفظ دیتی تو اسے ملک چھوڑ کر نہیں جانا پڑتا، انہوںنے کہا کہ آپ کو اس وقت خیال نہیں آیا جب آپ ارشد شریف پر درجنوں ایف آئی آرز درج کروا رہے تھے۔فرخ حبیب نے کہا کہ دبئی سے ارشد کو نکالنے کیلئے دبا ئوکون ڈالتا رہا؟ ان سوالات کے جوابات شہباز شریف کو بھی دینے پڑیں گے۔