لاہور (آن لائن) بھارتی کرکٹر اوپنر وریندر سہواگ اور سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستانی کھلاڑی بابراعظم کے ٹاپ اسکورر بننے کی پیشگوئی کردی۔ ایک ٹی وی شو کے دوران وریندر سہواگ نے کہا کہ بابر اعظم شاندار بیٹنگ کر رہے ہیں
اور انہیں بیٹنگ کرتا دیکھ کر بہت اچھا محسوس ہوتا ہے۔ سابق بھارتی کرکٹر نے کہا کہ ویرات کوہلی کی بیٹنگ کو دیکھ کر جیسے سکون ملتا ہے اسی طرح بابر اعظم کی بیٹنگ کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے۔ ویندر سہواگ کی تائید کرتے ہوئے سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے کہا کہ بابراعظم نے محمد رضوان کے ہمراہ کئی شاندار شراکتیں قائم کی ہیں، وہ ایک شاندار بیٹر ہیں جنہوں نے تسلسل کے ساتھ رنز بنائے ہیں، ان کو ہی ورلڈکپ کا ٹاپ اسکورر ہونا چاہئے۔ قبل ازیں بھارت کے لیجنڈری کرکٹر سچن ٹنڈولکر نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ میں اپنی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت، پاکستان، آسٹریلیا اور انگلینڈ مضبوط امیدوار ہیں جبکہ جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں ڈراک ہارس سمجھی جاسکتی ہیں۔ یاد رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل بروز اتوار کو مدمقابل ہوں گی۔ روایتی حریف ٹیموں کا یہ سپر 12مرحلے کا پہلا میچ میلبرن کرکٹ گرائونڈ میں کھیلا جائے گا۔