لاہور( این این آئی)توشہ خانہ ریفرنس میں عمران خان کی نا اہلی کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت پنجاب کے مختلف مقامات پر دھرنے اوراحتجاجی مظاہرے کئے گئے ، مشتعل کارکنان نے ٹائروں کو آگ لگا کر شاہراہوں کو بند کر دیا جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا،مظاہرین نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف
نعرے بازی کرتے ہوئے فیصلے کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا ، لودھراں میں کارکنان نے خیبر میل کو روک لیا اور مشتعل کارکنان ٹرین کے انجن پر چڑھ گئے ، ٹریک پر دھرنا بھی دیا جس کے بعد تمام لودھراں میں تمام ٹرینیں روک دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف توشہ خانہ ریفرنس میں الیکشن کمیشن کی جانب سے نا اہلی کا فیصلہ آتے ہی تحریک انصاف کے رہنما ئوں کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنان مختلف شاہراہوں پر نکل آئے اور وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما ہمایوں اختر خان کی سربراہی میں کارکنان نے بھٹہ چوک میں جمع ہو کر احتجاج کیا ۔ کارکنان اپنی قیادت کے حق میں ،وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے اپنے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے خلاف قانون فیصلہ دیا ، پوری قوم نے اس فیصلے کو مسترد کردیا ہے اور سڑکوں پرنکل کر اپنا احتجاج ریکارڈ کر ارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مائنس ون فارمولے پہلے کامیاب ہوئے نہ اب کامیاب ہوگا۔ تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ کی قیادت میں کارکنان نے رنگ روڈ پر دھرنا دے کر احتجاج کیا ۔ کارکنان نے ٹائروں کو آگ لگا کرمرکزی شاہراہ کو ٹریفک کے لئے بلاک کر دیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان کیلئے ہماری جان بھی حاضر ہے ،
اب جنگ کھلے میدانوں میں ہو گی ، الیکشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں اختیارات سے تجاوز کیا ، الیکشن کمشنر نے ذاتی ملازم کا کردار نبھایا ، پاکستان کی سیاست اور عمران خان لازم و ملزوم ہیں، مائنس عمران خان کا خواب پورا نہیں ہوگا،لٹیروں، چوروں کے خلاف احتجاج میں مزید شدت آئے گی
اور انہیں کہیں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی،قوم عمران خان کی حتمی کال کا شدت سے انتظار کر رہی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنمائوں اور کارکنان نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف جیل روڈ کو بھی بلاک کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا جس سے جیل روڈ سمیت ملحقہ شاہراہوں پر ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا ۔
مظاہرین امپورٹڈ حکومت نا منظور ، غلام الیکشن کمیشن نہ منظور کے نعرے لگاتے رہے ۔ عندلیب عباس نے کہا کہ ثابت ہو گیا ہے کہ الیکشن کمیشن شریفوں کا غلام ہے ، ہم اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ، اس فیصلے کے خلاف ہر فورم سے رجوع کریں گے۔
پی ٹی آئی کے کارکنان نے بابو صابو کے مقام پر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا جس سے گاڑیوں کی قطارین لگ گئیں۔کلمہ چوک کے قریب میٹرو کے ٹریک کو بند کر دیا گیا ہے، فیروز پور روڈ، یوحنا آباد کے ساتھ ثمن آباد پوائنٹ پر بھی مظاہرے کئے گئے ،پی ٹی آئی کارکنان نے ٹھوکر نیاز بیگ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا
جس سے ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ۔ پی ٹی آئی کے کارکنان وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔انصاف لائرز ونگ نے مال روڈ پر جی پی او چوک میں احتجاج کیا ۔ اس موقع پر مظاہرین نے ٹائر جلا کر احتجاج کیا جس سے ٹریفک کا نظام معطل ہو گیا ۔
تحریک انصاف کی کال پر لبرٹی چوک میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام تعطل کا شکار رہا ۔ احتجاج کی وجہ سے گلبرگ کی مختلف شاہراہوں پر گاڑیوں کاشدید دبائو رہا اور گاڑیوں کی قطاریں لگی رہیں ۔ پی ٹی آئی کارکنان نے شاہدرہ میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا
جس کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم ہو گیا ۔ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف سیالکوٹ پھاٹک پر چوہدری سجاد مہیس کی قیادت میں کارکنوںنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔کارکنان وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ شیخوپورہ فروزوالا میں بھی پی ٹی آئی کارکنان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ۔پاکپتن میں ریاض ارشد نیازی کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکنان نے
مرکزی شاہراہ پر احتجاج کیا جس سے ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر رہا ۔گجرات میںضلعی جنرل سیکرٹری میاں مبین حیات کی قیادت میں جی ٹی روڈ کو کھاریاں کے مقام سے بند کر کے احتجاج کیا گیا ۔حافظ آباد میں ضلعی صدر عمران عباس بھٹی کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف احتجاج کیا گیا ۔ کارکنان نے ٹریفک کو بند کر دیا جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں۔
سیالکوٹ سمڑیال میں جنرل سیکرٹری عظیم نوری گھمن کی قیادت میں احتجاج کیا گیا ۔ عمران خان کی نااہلی کے خلاف گجرات میں جی ٹی روڈ کو 4 مقامات سے بند کر دیا گیا۔ضلعی صدر سلیم سرور جوڑا کی قیادت میں کارکنان نے جی ٹی روڈ شاہین چوک ،لالہ موسیٰ ،کھاریاںاورسرائے عالمگیرپر احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔حافظ آباد سٹی میں فواراہ چوک میں احتجاج کیا گیا ۔
ضلعی صدر حافظ آباد چوہدری عمران حیدر عباس بھٹی اور ضلعی رہنما چوہدری سکندر نواز بھٹی کارکنان کے ہمراہ الیکشن کمیشن اور وفاقی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے ۔ احتجاج کے باعث ٹریفک کا نظام بھی متاثر ہوا اور گاڑیوں کی قطاریں لگ گئیں۔ضلعی صدر پاکستان تحریک انصاف اوکاڑہ چوہدری طارق ارشاد خاں کی قیادت میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف پر امن احتجاج کرتے ہوئے اوکاڑہ بائی پاس بند کر دیا گیا جس کی وجہ سے مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دیگر مقامات پر بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے ۔