اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن کے باہر پولیس اہلکار سے گولی چل گئی جس کے بعد اسے گرفتار کرلیا گیا۔ذرائع کے مطابق گولی پی ٹی آئی کے ایم این اے صالح محمد کے پولیس گارڈ سے چلی جس کے بعد اہلکار کو گرفتارکرلیا گیا۔اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس اہلکار ایم این اے صالح محمد کیساتھ گن مین کے فرائض سر انجام دے رہا ہے،ایم این اے کے ساتھ دو گن مین تھے اور دونوں بامسلح تھے،ریڈ زون کے اندر کسی قسم کا ہتھیار لے جانا خلاف قانون ہے۔انہوںنے کہاکہ لاء اینڈ آرڈر صورتحال کے پیش نظر اسلام آباد کیپیٹل پولیس کے تمام افسران و جوان غیر مسلح تھے۔ترجمان کے مطابق اسلام آباد کیپیٹل پولیس وقوعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔قانون کے مطابق مزید کارروائی عمل لائی جائیگی۔ترجما ن کے مطابق ایم این اے اورپولیس اہلکار کو اسلام آباد پولیس نے حفاظتی تحویل میں لیا ہے۔