اسلام آباد( این این آئی)وفاقی حکومت نے ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر کابینہ پورٹل کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے اسمارٹ اور جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔تفصیلات کے مطابق کابینہ کارروائی کا ڈیٹا چوری ہونے کے ممکنہ خطرات سے بچا ئو
کیلئے اہم پیشرفت سامنے آئی۔ذرائع نے بتایا کہ سابقہ دور میں کابینہ ارکان کیلئے خریدے گئے 150ٹیبلٹس کامعیار اور حجم نا مناسب قرار دے دیا گیا۔حکومت نے کابینہ پورٹل کی سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے 150 نئے اسمارٹ اور جدید ٹیبلٹس خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق ارکان،سیکرٹریز،وزیراعظم آفس،کابینہ ڈویژن اسٹاف کیلئے نئے ٹیبلٹس خریدے جائیں گے۔مشینری اور آلات پر عائد پابندی میں نرمی کرکے نئے ٹیبلیٹس خریدنے کی تجویز دی گئی ہے ، سمری منظوری کیلئے ای سی سی میں پیش کی جائے گی۔یہ پیشرفت وزیر اعظم کے دفتر سے کئی آڈیو ریکارڈنگ کے بعد سامنے آئی ہے جس میں اہم حکومتی شخصیات کے درمیان واضح گفتگو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آئی ہے۔دوسری جانبپاکستان تحریک انصاف نے پارٹی استعفوں سے متعلق وزرا کی آڈیو لیک پر تحقیقات کیلئے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کر دی ہے۔استعفوں سے متعلق زیر التوا مقدمے میں پی ٹی آئی کی جانب سے دائر درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلی اور دیگر اراکین کو فریق بنایا گیا ،درخواست کے ساتھ آڈیو لیکس کا ٹرانسکرپٹ بھی لگایا گیا ہے۔