اسلام آباد (نیوز ڈیسک) راولاکوٹ کے علاقے منگریوٹ بلوچ میں آزاد کشمیر کے وزیر سیاحت، قانون و انصاف سردار فہیم اختر ربانی کی عوام سے ملاقات کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی۔ صورتحال اس وقت بگڑ گئی جب وزیر کی سیکیورٹی اور شہریوں کے درمیان تلخ کلامی جھگڑے میں تبدیل ہوگئی اور ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص زخمی ہوگیا۔ذرائع کے مطابق وزیر سیاحت ڈسپنسری کے افتتاح کے لیے ضلع سدھنوتی کی تحصیل بلوچ کے علاقے عارف آباد جا رہے تھے۔
اس دوران منگریوٹ کراس پر متاثرین بیتراں ٹنگی گلہ روڈ نے وزیر سے رک کر مسائل سننے کی اپیل کی، تاہم موقع پر حالات کشیدہ ہوگئے۔ عوام کو منتشر کرنے کے لیے گارڈز نے ہوائی فائرنگ کی جس سے ایک شہری زخمی ہوگیا۔عوامی نمائندوں نے اس واقعے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انتظامیہ نے سانحہ چار بیاڑ جیسے واقعات کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی نہ کی تو اس طرح کے واقعات دوبارہ جنم لیتے رہیں گے۔