لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چھٹے ٹی ٹوئنٹی میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیتا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی، اس میچ میں پاکستان کی جانب سے دو تبدیلیاں کی گئیں، محمد رضوان اور حارث رؤف کو آرام دیا گیا اور شاہنواز دھانی اور وکٹ کیپر محمد حارث کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا، محمد حارث نے
آج اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کھیلا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز بابراعظم اور محمد حارث نے کیا، محمد حارث نے سات رنز بنائے اور گلیسن کی گیند پر رشید کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ شان مسعود کوئی رنز نہ بناسکے انہیں ڈیوڈ ولی نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا، حیدر علی نے 18 رنز بنائے انہیں سام کرن کی گیند پر بین ڈکٹ نے کیچ آؤٹ کیا، افتخار احمد نے 31 رنز بنائے انہیں بھی سام کرن کی گیند پر بروک نے کیچ آؤٹ کیا۔ آصف علی نے 9 رنز بنائے اور وہ ڈیوڈ ولی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 12 رنز بنائے اور کیچ آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم نے شاندار 87 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ اس طرح پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے اور انگلینڈ کو جیتنے کے لئے 170 رنز کا ہدف دیا۔ انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ اور الیکس ہیلز نے اننگز کا آغاز کیا، الیکس نے 27 رنز بنائے اور شاداب خان کی گیند پر شاہنواز دھانی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ ڈیوڈ ملن نے 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور انہیں شاداب خان نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی جانب سے فل سالٹ نے پاکستانی باؤلرز کی خوب پٹائی کی اور کسی باؤلر کو خاطر میں نہ لائے انہوں نے انگلینڈ کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ انگلینڈ نے 14.3 اوورز میں ہدف حاصل کرکے سیریز 3-3 سے برابر کر دی، فل سالٹ نے 41 گیندیں کھیل کر 87 رنز بنائے اس میں تین چھکے اور تیرہ چوکے شامل تھے وہ ناٹ آؤٹ رہے، بین ڈکٹ نے ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 16 گیندوں پر 26 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔