راولپنڈی /ہرنائی(این این آئی)پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت جہاز میں سوار تمام افسروں سمیت 6 اہلکار شہید ہو گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا
کہ پاک فوج کا ہیلی کاپٹر گزشتہ روز رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔بیان کے مطابق 2 پائلٹس سمیت جہاز کے تمام 6 اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا، شہیدوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد اوردیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق میجر خرم شہزاد کی عمر 39 سالہ تھی اور ان کا تعلق اٹک سے تھا، انہوں نے سوگواروں میں بیوی اور ایک بیٹی چھوڑی ہے، شہدا میں شامل میجر محمد منیب افضل کی عمر 30 سال تھی، ان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ انہوں نے ورثا میں دو بیٹے چھوڑے ہیں۔افسوسناک حادثے میں شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گائوں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4 بچے ہیں۔شہید محمد عمران کی عمر 27 سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔شہید نائیک جلیل کی عمر 30 سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2 بچے ہیں، شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے۔