اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کی کارروائیوں نے عوام کے دل جیت لیے، فوج کے ہیلی کاپٹر ز نے تیز ہوا کے درمیان لینڈنگ کے بغیر خیبر پختونخوا کے علاقے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال لیا۔ روزنامہ جنگ میں صالح ظافر کی خبر کے مطابق ملک بھر میں گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران سیلاب زدہ علاقوں میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کی جانب سے کی جانے والی
جرات مندانہ امدادی کارروائیوں نے عوام کے دل جیت لیے۔ فوج کے ہیلی کاپٹر تیز ہوا کے درمیان بہتے پانی میں اترے لیکن پائلٹوں نے اپنی مہارت سے چند انچ خشک زمین تلاش کرلی اور مکمل طور پر لینڈنگ کے بغیر خاص طور پر کے پی کے کے علاقے میں پھنسے ہوئے لوگوں کو نکال لیا جہاں دوسرے روز پانچ دوست بہہ گئے تھے اور صوبائی حکومت اپنے دو ہیلی کاپٹروں میں سے کسی کو بھی نہیں دے سکی تھی کیونکہ انہیں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے استعمال کیا جارہا تھا جو علاقے کے دورے کے لیے صوبے میں آئے تھے۔ لوگوں کو جھوٹا یقین دلایا گیا تھا کہ ہیلی کاپٹر انہیں لینے آرہا ہے۔ وہ پانچ گھنٹے تک انتظار کرتے رہے لیکن ہیلی کاپٹر نہیں آیا اور پانچوں کو پانی بہا لے گیا اور وہ جان کی بازی ہار گئے۔ کے پی کے حکومت کے ترجمان نے ہفتہ کو دعویٰ کیا کہ صوبائی حکومت کے ہیلی کاپٹر سفر کے لیے ہیں، امدادی سرگرمیوں کے لیے نہیں۔ اس نے متاثرہ لوگوں کے زخموں پر مزید نمک چھڑکا۔ ہوابازی کے ماہرین کا خیال ہے کہ ہر ہیلی کاپٹر کو بیٹھنے میں معمولی تبدیلی کے ذریعے بچاؤ کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے جیسے آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹر جڑواں مقاصد یعنی سفر کے ساتھ ساتھ ہنگامی امداد کے لیے بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔ فوج کے ہیلی کاپٹروں نے ایک ہی انداز میں 22 افراد کو نکالا جو کمراٹ میں اچانک آنے والے سیلاب میں پھنس گئے تھے کیونکہ وہ ملک کے دیگر علاقوں سے وہاں گئے تھے۔