تائی پے ، بیجنگ (این این آئی)چین نے تائیوان کے گرد 6 مقامات پر لائیو فائر سمیت فضائی اور بحری مشقیں شروع کر دیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی تائیوان کے گرد فوجی مشقیں اتوار تک جاری رہیں گی۔چینی فوج کا کہنا تھا کہ چینی فوج نے آبنائے تائیوان
کے مشرقی حصے کے مخصوص علاقوں میں لائیو اسٹرائیک مشقیں کی ہیں۔ تائیوان نے چینی فوجی مشقوں کو سمندری اور فضائی حدود کی ناکہ بندی کرنے کے مترادف قرار دیا ہے۔واضح رہے کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان پر چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا تھا کہ تائیوان پر آگ سے کھیلنے والے امریکی سیاستدانوں کو اس کی قیمت چکانا ہو گی۔دوسری جانب چینی وزیر خارجہ نے امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کو مضحکہ خیز، غیر ذمہ دارانہ اور انتہائی غیر معقول قرار دے دیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق آسیان کے 55 واں وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کے لیے کمبوڈیا میں موجود چینی وزیر خارجہ وانگ یی کا کہنا تھا کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کے اشتعال انگیز دورہ تائیوان باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا۔وزیر خارجہ وانگ یی نے کہا کہ چین نے بحران سے نمٹنے کی بہت سفارتی کوششیں کی ہیں لیکن بنیادی ملکی مفادات کو کبھی ٹھیس پہنچنے نہیں دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ چین کے موجودہ، مستقبل کے اقدامات ضروری اور بروقت دفاعی جوابی اقدامات ہیں۔ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ چینی اقدامات بین الاقوامی، ملکی قانون کے مطابق قومی خودمختاری اور سلامتی کی حفاظت کے لیے ہیں۔