اسلام آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماسابق وزیر اسد عمر نے سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کی گرفتاری پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ لوگ نام نہاد جمہوریت پسند، حقیقت میں بدترین فسطائی اور ظالم ہیں۔ اپنے بیان میں
اسد عمر نے کہاکہ سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ کو دوبارہ گرفتار کرلیا گیا،یہ لوگ نام نہاد جمہوریت پسند، حقیقت میں بدترین فسطائی اور ظالم ہیں۔ سابق وزیر نے کہا کہ ان کی ہاتھوں کھڑا کیا گیا ناانصافی کا نظام اب بکھر رہا ہے،عوام کی طاقت انکے ظلم کے نظام کے تابوت میں آخری کیل ٹھونکنے کو ہے۔دوسری جانب سابق وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سندھ میں سچ بولنے پر صحافیوں کو قتل کیا جا رہا ہے ۔ اپنے بیان میں سابق وزیراطلاعات ونشریات نے کہاکہ سندہ میں لیڈر آف اپوزیشن حلیم عادل شیخ کو ایک بار پھر گرفتار کیا گیا ہے،فاشزم کی عملی تصویر اس وقت سندھ حکومت میں نظر آتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ میں سچ بولنے پر صحافیوں کو قتل کیا جا رہا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کا پیسہ دوسرے صوبوں میں حکومتیں بنانے اور گرانے کیلئے استعمال ہو رہا ہے،عام آدمی کی زندگی اجیرن ہے۔