لاہور( این این آئی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اگر ہم نے پاکستان کو آگے لے کر جانا ہے تو تمام اسٹیک ہولڈرز کو گرینڈ ڈائیلاگ کرنا ہوگا ، معیشت ،صحت ،تعلیم ، زراعت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے ،گرینڈ ڈائیلاگ کے ذریعے ہم ان شعبوں میں بہت آگے بڑھ سکتے ہیں،کوئی بھی حکومت آئے یا جائے ان ایریاز کو ہاتھ نہ لگا سکے۔
قرض پر رہنے والا ملک کب تک زندہ رہے گا، ہمیں تو اس وقت دنیا میں سب سے آگے ہونا چاہیے تھا، بنگلہ دیش کو بوجھ کہا گیا لیکن آج اس کی برآمدات 40ارب ڈالر اور ہم 27سے28ارب ڈالر پر ہیں، ایک حکومت گئی دوسری حکومت آئی تو سب کچھ سیاست کی نظر کر دیا گیا ،اس سے تمام ادارے تباہ ہوئے ،اس طرح تو تباہی ہمارا مقدر ہے ، اگر ہم نے اپنی تقدیر کو بدلنا ہے تو ہمیں اقبال کے وژن کی پیروی کرنا ہو گی ،ماربل سے پتھر سے قومیں نہیں بنتیں ، اگر ایسا ہوتا تو پاکستان میں تو ماربل کے ان گنت محلات ہیں لیکن خلق خداہے ایک وقت کی روٹی کو ترستے ہیں ،دنیا میں پیٹرولیم کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں لیکن مارچ میں جب تحریک عدم اعتماد چل رہی تھی تو یہاں پر قیمتیں کم کر دی گئیں، آپ نے ساڑھے تین سال میں تو قوم کو ایک دھیلے کا ریلیف نہیں دیا ،ہم نے دل پر پتھر رکھ کر قیمتیں بڑھائیں،پوری کوشش کروں گاکہ غریب آدمی پر جو بوجھ پڑ رہا ہے ان کو ریلیف بھی دیں ،مجھے توآئے ہوئے ڈیڑھ سے پونے دو مہینے ہوئے ہیں، ساڑھے تین سال جو ہوا اور ملک یہاں پہنچا کیا اس کا بھی حساب لینا ہے یا مجھ سے ڈیڑھ مہینے کا حساب لینا ہے ، میں تواپنا حساب دینے کیلئے تیار ہوں،لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کہہ دیا ہے کہ دو گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ برداشت نہیں کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں مخیر شخصیات کی جانب سے تعمیر کئے گئے انڈس ہسپتال کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔