اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نبیۖ کے حکم کے مطابق قوم کو اکٹھا کررہا ہوں۔چیئرمین تحریک انصاف عمران خان جناح ایونیو پر لانگ مارچ کے شرکا سے خطاب میں حکومت کو 6 روز میں اسمبلیاں تحلیل کرنے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے بنی گالہ کے لیے روانہ ہوئے۔
عمران خان کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر جناح ایونیو پر خطاب کی ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں ساتھ ہی انہوں نے اپنا بیان بھی جاری کیا۔عمران خان نے ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں کہا کہ پچھلے 2 دن میں جو میں نے دیکھا یہ ملک میں انتشار کروانا چاہتے ہیں، پولیس اور فوج کو اپنی عوام سے لڑوانا چاہتے ہیں،پولیس بھی ہماری ہے، فوج بھی ہماری ہے اور عوام بھی ہماری ہے۔بیان میں کہا گیا کہ نبی ۖکے حکم کے مطابق میں قوم کو اکٹھا کررہا ہوں ۔دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ ساری رات میں نے خود سیکیورٹی حالات کی مانیٹرنگ کی ہے ،عوام نے فسادی ، فتنہ جتھہ کو مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے ۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ سپریم کورٹ سے غلط بیانی کر کے اسلام آباد میں طے شدہ جگہ پر جلسہ کرنے کی اجازت لے کر عمران نیازی شہر میں داخل ہوئے اور ڈی چوک جانے کا اعلان کر کے وعدہ خلافی کی ۔ انہوںنے کہاکہ میٹرو بس سٹیشن جلائے گئے ، درختوں کو آگ لگائی گئی عوام نے سب دیکھا ۔
سپریم کورٹ کے فیصلے کی آڑ میں فسادی جتھہ ساری رات جلاؤ کرتا رہا ۔ انہوں نے کہاکہ ساری رات عمران نیازی کنٹینر سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں اْڑاتا رہا ،ساری رات عمران صاحب کنٹیر سے توہینِ عدالت کے اعلان کرتے رہے ،پولیس نے ایک بھی ربڑ بلٹ نہیں چلائی تمام جھوٹا پراپوگینڈا ہے ،اٹھارا رینجرز اور پولیس اہلکار شدید زخمی ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ اسلام آباد پولیس اور رینجرز لوگوں کی جان و مال کا فریضہ اسی طرح انجام دیتے رہیں گے،میں اسلام آباد پولیس اور رینجرز کے ہر جوان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوںنے کہاک سپریم کورٹ آئین اور ریاست کی رٹ کو یقینی بنانے کے لئے واضح احکامات دے تاکہ فتنہ پرور ٹولے کو اسلام آباد سے نکال باہر کر دیا جائے اور اسلام آباد کے شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہاکہ رینجرز اور اسلام آباد پولیس نے بڑی بہادری اور پیش آو رانہ ذمہ داری نباہتے ہوئے اسلام آباد کے شہریوں کی حفاظت کی اور فسادی جتھوں کو ٹئیر گیس سے کنٹرول کیا۔