لاہور،اسلام آباد(این این آئی، آن لائن) سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے کہاہے کہ عہدے سے ہٹانے کا غیرآئینی نوٹیفیکیشن مسترد کرتا ہوں۔پنجاب کے سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ نے ٹوئٹر پرپیغام میں کہا کہ صدر پاکستان کی جانب سے غیر معمولی حالات کے پیش
نظرسمری مسترد کرنے کے باوجود کیبنٹ ڈویژن نے غیر آئینی نوٹیفیکیشن جاری کیا جسے مسترد کرتا ہوں۔عمر سرفراز چیمہ کا مزید کہنا تھا کہ اس سلسلے میں آئینی ماہرین سے مشاورت جاری ہے انشا اللہ جلد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ رات1 بجے دفاتر کھول کر گورنر پنجاب عمر چیمہ کو تبدیل کیا گیا اس کام کے لئے ایک غیر آئینی حکمنامہ جاری کیا گیا۔ گورنر پنجاب عمر چیمہ کی تبدیلی پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا رات1 بجے دفاتر کھول کر گورنر پنجاب عمر چیمہ کو تبدیل کیا گیا۔ اس کام کے لئے ایک غیر آئینی حکمنامہ جاری کیا گیا۔ انہو ں نے کہا یہ فاشسٹ حکومت ہے جس نے رات کی تاریکی میں آئین پامال کیا۔ انہوں نے کہا آئین کے آرٹیکل 101 سیکشن 3 میں صدر کی رضامندی تک گورنر کام جاری رکھ سکتا ہے۔