لاہور(نیوزڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر داخلہ پنجاب شجاع خانزادہ کی قربانی کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور اللہ اور قوم سے وعدہ ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔لاہور میں شجاع خانزادہ کی یاد میں ہونے والے تعزیتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ شجاع خانزادہ کی قربانی رائیگاں نہیں جائے، قوم بہادر سپوت کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور ان کے مشن کو ہر صورت آگے بڑھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ اور قوم سے وعدہ کرتا ہوں کہ دہشت گردوں کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ کر پھینکنا ہوگا اور ملک و قوم کے تحفظ کے لئے اپنی جان لڑا دوں گا۔وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ خوف کو دفن کر کے اتحاد اور یکسوئی کے ساتھ دہشت گردی کو ختم کریں گے۔ شجاع خانزادہ کو اعلیٰ ترین سول اعزاز کے لئے درخواست کریں گے تاکہ سب کو پتہ چلے کہ وہ نہ صرف پنجاب بلکہ پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ اجلاس میں شجاع خانزادہ کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور ان کی خدمات کو خراج عقیدت بھی پیش کیا گیا