اسلام آباد(نیوز ڈیسک) عدالت نے ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان کی درخواست منظور کرتے ہوئے انھیں حج پرجانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کی جج خالدہ یاسین نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ایم کیو ایم رہنما عامر خان کو حج پر جانے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عامر خان کو 10، 10 لاکھ روپے کے 2 مچلکے جمع کرانے ہوں گے اور وہ 30 روز بعد عدالت میں اپنی واپسی کی اطلاع دیں گے بصورت دیگر ان کے مچلکے ضبط کر لئے جائیں گے۔ انسداد دہشت گردی کی جج کا کہنا تھا کہ میں کسی بھی شخص کو حج پر جانے سے نہیں روک سکتی۔قبل ازیں عدالت کے احکامات کے مطابق عامر خان کے وکیل نے حج دستاویزات جمع کرائیں جس کے مطابق عامر خان 18 ستمبر کو حج کے لئے روانہ ہوں گے اور 3 اکتوبر کو ان کی وطن واپسی ہوگی۔ دوسری جانب رینجرز کے وکیل کا کہنا تھا کہ عامر خان پر سنگین نوعیت کے الزامات ہیں، عدالت نے ان کی ضمانت منظور کر لی ہے لیکن انھیں ملک سے باہر جانے کی اجازت نہ دی جائے۔ فریقین کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے اپنا فیصلہ محفوط کر لیا تھا۔ رینجرز نے انسداد دہشت گردی کی عدالت کا فیصلہ سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔