جہانیاں(آن لائن)بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ میں عدم اعتماد کے خلاف تھا عمران خان کی حکومت ڈوب رہی تھی اسے زندہ کر دیا گیا ،شہباز شریف ناجائز وزیر اعظم ہیںملک میں فوری انتخابات کروائے جائیں ،عمران خان کو ہٹائے جانے تک قوم ساتھ تھی اب وزیر اعظم اور کابینہ عوام کیلئے قابل قبول نہیں ہے،عمران خان کے اگلے
دس پندرہ یوم میں مزید جھوٹ بے نقاب ہوں گے،انتخابات میں مسلم لیگ ن بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئے گی،پنجاب اسمبلی واقعہ سے پرویز الٰہی کی سیاست کا خاتمہ ہوا۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوشل میڈیا پر جاری اپنے ایک خصوصی بیان میں کیا۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا طرز حکومت کوئی قابل ستائش نہیں تھا لیکن میں اس کے خلاف عدم اعتماد تحریک پیش کیے جانے کے خلاف تھا ،عوام عمران خان کی حکومت سے تنگ تھے اس کی حکومت ڈوب رہی تھی لیکن عدم اعتماد پیش کرکے عمران خان کو دوبارہ زندہ کر دیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ عوام عمران خان کو ہٹائے جانے تک آپ کے ساتھ تھی لیکن وہ اب آپ کو اور کابینہ کو جائز وزیر اعظم کبھی تسلیم نہیں کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے سامنے سر تسلیم خم کرتا ہوں انہوں نے عمران خان کے خلاف فیصلہ نہیں دیا بلکہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ملک بچانے کیلئے قابل تحسین فیصلہ تھا۔انہوں نے کہا کہ زرداری کی سیاست سمجھنے کیلئے پی ایچ ڈی کرنی پڑے گی لیکن ان کا وجود پاکستان کیلئے ضروری ہے،زرداری کی ہمت ہے اس نے جیلیں کاٹیںاور اپنی محنت سے خود کو پاکستان کیلئے ضروری بنا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں الیکشن ہوتے ہیں تو پنجاب سے مسلم لیگ ن سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئے گی،تحریک انصاف دوسرے جبکہ پیپلز پارٹی اور دیگر جماعتیں تیسرے نمبر پر آئیں گی،کے پی کے میں جے یو آئی پہلے نمبر پر آسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں پرویز الٰہی کی سیاست کا اختتام دیکھ کر انہیں ذاتی طور پر دکھ ہوا انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا پنجاب اسمبلی میں جو کچھ کیا غلط کیا ،وہ ہار کر بھی ادھر جاتے ہیں کبھی ادھر جاتے ہیں،پرویز الٰہی جب ق لیگ میں گئے تھے تو میں نے ان سے بولنا بھی بند کر دیا تھا ۔چوہدری شجاعت اور پرویز الٰہی نے مجھے وزیر اعظم بنوانے کی بھی پیشکش کی تھی لیکن میں نے ان سے کبھی بات بھی نہیں کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سب بیانے جھوٹ ثابت ہو رہے ہیں ،اگلے دس پندرہ دنوںمیں عمران خان کے اتنے جھوٹ بے نقاب ہوں گے کہ اس کی حمایت کرنے والے کارکن بھی پریشان ہو جائیں گے ۔مخدوم جاوید ہاشمی نے مطالبہ کیا کہ ملک میں فوری طور پر انتخابات کروائے جائیںجس کیلئے عمران خان سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ طریقہ کا رطے کیا جائے ۔