کراچی(نیوز ڈیسک)ڈی آئی جی ٹریفک نے ایسے شادی ہالوں جن کے پاس گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام موجود نہیں ان کے خلاف کارروائی کا اعلان کردیا۔ڈی آئی جی ٹریفک نے جاری خصوصی مہم کے دوران ضبط کیے جانیوالے چنگ چی رکشوں کے کوائف کی سی پی ایل سی تصدیق کرانے کے احکام جاری کر دیے، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ڈی آئی جی ٹریفک امیر شیخ کی سربراہی میں سلیم واحدی آڈیٹوریم میں اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں تمام اضلاع کے ایس ایس پیز، ڈی ایس پیز ٹریفک، سیکشن ا?فیسر اور انفورسمنٹ آفیسر نے شرکت کی، ڈی آئی جی ٹریفک نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ٹریفک پولیس کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اسے مزید بہتر بنانے پر زور دیا، ڈی آئی جی ٹریفک نے ہیلمٹ کے خلاف جاری مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مہم سے50فیصد بہتری آئی ہے، مزید کارروائی بڑھائی جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے مزید کہا کہ21اگست سے اسکول وینز کے خلاف سخت کارروائی کا آغاز کیا جا رہا ہے لہٰذا تمام اسکول وین مالکان اور ڈرائیوروں کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ وہ اپنی گاڑیوں کو پیلا رنگ اور اس پر اسکول بس کا بورڈ لگوائیں، سی این جی گیس سلنڈر نکلوا دیں اورلوڈنگ نہ کریں اور وین میں بچوں کی حفاظت کیلیے مددگار رکھیں، انھوں نے بچوں کے والدین سے کہا کہ احکام پر عمل نہ کرنے والی گاڑیوں کی شکایت فوری طور پر ٹریفک ہیلپ لائن 1915پر کریں، ڈی ا?ئی جی نے کہا کہ ٹریفک پولیس بلا تفریق کارروائی کرے، اس کارروائی کے دوران بچوں کو پریشان نہ کیا جائے۔ڈی آئی جی ٹریفک نے چنگ چی رکشوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر ختم کرنے کی ہدایت کی ، اگلے مرحلے میں وہ شادی ہال جن کے پاس اپنی پارکنگ کا انتظام نہیں اور گاڑیاں روڈ پر پارک ہوتی ہیں ان کے خلاف کارروائی ہوگی، ڈی آئی جی ٹریفک نے کہا ہے کہ اطلاع ملی ہے کہ شہر میں چلنے والے چنگ چی موٹر سائیکل رکشوں میں چوری کی موٹر سائیکلیں اور انجن استعمال ہو رہے ہیں لہٰذا ٹریفک پولیس جاری خصوصی مہم کے دوران ضبط کیے جانے والے چنگ چی رکشوں کے کوائف کی لازمی سی پی ایل سی سے تصدیق کرائیں۔