لندن (نیوزڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ کے قائدجناب الطاف حسین نے اٹک میں پنجاب کے وزیرداخلہ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر خودکش بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اوراس واقعہ میں وزیرداخلہ شجاع خانزادہ اور ڈی ایس پی سمیت کئی افراد کے شہید ہونے اور متعدد افرادکے شدیدزخمی ہونے پر دلی افسوس کا اظہارکیاہے ۔ انہوں نے کہاکہ یہ صورتحال اس امرکاتقاضہ کرتی ہے کہ حکومت، اپوزیشن، تمام سیاسی ومذہبی جماعتیںاورملک بھرکے عوام دہشت گردی کے خلاف متحدہوجائیںاور دہشت گردی اورانتہاپسندی کوملک سے جڑسے اکھاڑپھینکنے کےلئے اتحادویکجہتی کامظاہرہ کریں۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ وزیرداخلہ شجاع خانزادہ کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے جس پراہل پنجاب ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے امن پسندعوام کوشدیددکھ اورافسوس ہواہے۔ انہوں نے کہاکہ دہشت گردوں نے جس طرح آج پنجاب کے وزیرداخلہ کونشانہ بنایاہے وہ انتہائی سنگین اور تشویشناک ہے جس سے پتہ چلتاہے کہ پنجاب سمیت پوراملک دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اوردہشت گردپاکستا ن کوغیرمستحکم کرنے کیلئے ہرشہرمیں دہشت گردی کی کارروائیاںکررہے ہیں ۔جناب الطاف حسین نے کہاکہ دہشت گرد ی اورانتہاپسندی کوجڑسے اکھاڑپھینکنے کےلئے نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور طریقے سے عمل کرناہوگا۔ جناب الطاف حسین نے خودکش دھماکے میں وزیرداخلہ شجاع خانزادہ اورمتعددافرادکے جاں بحق ہونے پر دلی تعزیت اورافسوس کااظہارکیا۔انہوں نے شجاع خانزادہ کی شہادت پر وزیراعظم نوازشریف ، وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف اورحکومت پنجاب سے بھی دلی تعزیت اورہمدردی کااظہارکیا اوردعاکی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق ہونے والوں کو اپنی جواررحمت میں جگہ دے اوران کے سوگوارلواحقین کویہ صدمہ برداشت کرنے کاحوصلہ عطاکرے۔ انہوں نے دھماکے میں زخمی ہونے والے دیگرافراد کی صحتیابی کیلئے بھی دعاکی۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں