کراچی(نیوزڈیسک)کراچی کے علاقے میمن گوٹھ میں اسماعیل شاہ مزار کے قریب رینجرزکے ساتھ مقابلے میں کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے تعلق رکھنے والے 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ۔ہلاک دہشت گرد کراچی اوراس سے ملحقہ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں سیکیورٹی چیک پوسٹوں اور ریلوے ٹریک اڑانے کے علاوہ بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان میں بھی ملوث تھے۔ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق کراچی میں میمن گوٹھ کے علاقے میں اسماعیل شاہ مزار کے قریب دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر رینجرزاورپولیس نے کارروائی کی، کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ لاشوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت زاہد، ناصر، حبیب عرف فوجی اور اللہ بخش عرف گڈو کے ناموں سے ہوئی۔ترجمان کے مطابق زاہد، ناصر، حبیب عرف فوجی کا تعلق کالعدم تنظیم بلوچ لبریشن آرمی سے تھا جب کہ اللہ بخش عرف گڈو ان کا سہولت کارتھا۔ تینوں دہشت گردوں نے 2010اور 2011میں حب میں چینی باشندوں کو قتل اور گھارو ریلوے ٹریک کو دھماکے سے اڑایا۔دہشت گردوں کے قبضے سے 4 پستول اور ہائی روف وین بھی برآمد ہوئی۔ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں بھی ملوث تھے۔