کراچی (این این آئی)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید اپنی ون ویلر وزارت سے دھمکیاں دینا بند کریں۔صوبائی وزیر سندھ ناصر حسین شاہ نے شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ شیخ رشید کو عمران خان کی حکومت کے جانے
کا ملال نہیں۔انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کو اپنی وزارت جانے کا شدید درد ہے، اس لیے شیخ رشید روزانہ پریس کانفرنس میں ماتم کرتے نظر آتے ہیں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عدم اعتماد کی ووٹنگ کی تاریخ دیکر شیخ رشید نے ثابت کیا کہ اسپیکر وزارت داخلہ کے زیردست ہے، متحدہ اپوزیشن پہلے سے سمجھتی ہے کہ اسپیکر جانبدار ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شیخ رشید کی سیاست طویل معیاد ہو چکی ہے جو اب کوڑے دان میں جائیگی، شیخ رشید اپنی ون ویلر وزارت سے دھمکیاں دینا بند کریں۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شیخ رشید وہ سیاسی مسافر ہے جو جس کشتی میں سوار ہوگا اس میں چھید کریگا، گورنر سندھ بھی اب بھکی بھکی باتیں کر رہے ہیں لگتا ہے گھبرا گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیرقانونی اکاؤنٹس چلانے والے گورنر، اسپیکر اسد قیصر اور دیگر کے نام ای سی ایل میں ڈالے جائیں۔