اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزات پانی وبجلی نے یوم آزاد ی کے موقع پر صارفین کو بجلی کی فراہمی اور لو ڈشیڈنگ کے دورانیے میں کمی سمیت اب تک کئے گئے اقدامات پر اپنی ایک سالہ کارکردگی کی تشہیر کا فیصلہ کیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق گذشتہ سال کے مقابلے میں آئی پی پیز اور پی ایس او کو کی جانیوالی ادائیگیوں میں سولہ فیصد جبکہ گیس کمپنیوں کی کی گئی ادائیگیوں میں دو فیصد بہتری آئی ہے ۔رپورٹر ایکسپریس تنویر محمود راجہ کے مطابق بجلی کے بلوں میں سالانہ تیس فیصد بچت کی گئی ہے ۔ وزارت کی طرف سے اس ضمن میں گذشتہ سال جولائی سے لیکر رواں سال جون تک کے دوران بجلی بلوں کے ٹیرف میں ماہانہ بنیادوں پر کی جانیوالی کمی ، صارفین کو تیل کی قیمتوں میں کمی کے فوائد کی فراہمی کا موازانہ پیش کیاجائیگا۔ ایک قومی اخبار کو دستیاب سرکاری دستاویز کے مطابق سال 2013-14 کے مقابلے میں رواں سال 2014-15 کے دوران آئی پی پیز اور پی ایس او کو کی جانیوالی ادائیگیوں میں سولہ فیصد بہتری آئی ہے ۔ گذشتہ سال آئی پی پیز کو 642.9 ارب روپے جاری کیے گئے رواں سال یہ ادائیگیاں 703.3 ارب روپے ہیں ، اسی طرح پی ایس او کو سال 2013-14 کے دوران 343.7 ارب روپے جبکہ رواں سال 336.3 ارب روپے ادا کئے گئے ۔ دستاویز کے مطابق گیس کمپنیوں کو کی جانیوالی ادائیگیوں کی مد میں بھی دو فیصد بہتر ی آئی ہے ۔ گذشتہ سال گیس کمپنیوں کو 36.3 ارب روپے جبکہ رواں سال 40.3 ارب روپے ادا کیے گئے ۔ علاوہ ازیں بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بھی نمایاں کمی آئی ہے ، گذشتہ سال جولائی کے دوران بجلی کی فی یونٹ قیمت 12 روپے 10 پیسے جبکہ رواں سال مئی کے دوران یہ قیمت کم ہوکر آٹھ روپے سولہ پیسے تک پہنچ گئی ہے ۔