لندن(نیوزڈیسک)استعفوں کے بعد الطاف حسین کاکارکنوں سے خطاب،انداز بیان بدل گیا،خلاف توقع انتہائی سخت زبان استعمال کرنے سے گریزمتحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ حق پرست ارکان سینیٹ ، قومی اور صوبائی اسمبلی نے ہمت وجرات کے ساتھ اپنے استعفے جمع کرواکر پوری قوم کاسرفخر سے بلند کردیا ہے ۔ یہ بات انہوںنے نائن زیروعزیزآباداور اسلام آباد میں حق پرست سینیٹرز، ارکان قومی وصوبائی اسمبلی کے اجلاس سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر رابطہ کمیٹی اور مختلف شعبہ جات کے ارکان بھی موجود تھے ۔ اپنے خطاب میں الطاف حسین نے کہاکہ حق پرست عوامی نمائندوںنے ایم کیوایم کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے خلاف جس طرح اپنے اپنے استعفوں کی جامع وجوہات بیان کی ہیںاور ماتھے پر شکن لائے بغیرمتعلقہ ایوانوں میں استعفے پیش کیے اس پر میں تمام حق پرست عوامی نمائندوں کو فرداً فرداً زبردست شاباش اور خراج تحسین پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہاکہ جب انسان تمام ترخطرات اور خدشات کے باوجود ہمت وجرات کا مظاہرہ کرتا ہے تو ہرمشکل آسان ہوجایاکرتی ہے۔ الطاف حسین نے کہاکہ ایم کیوایم ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک تحریک ہے جو آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کیلئے جدوجہد کررہی ہے ، حق پرستی کی یہ جدوجہد انتہائی مشکل اور دشوار گزار ہے اور اس راہ میں آنے والی رکاوٹوں کا صرف ہمت وجرات اورثابت قدمی سے ہی مقابلہ کیاجاسکتا ہے ۔انہوںنے کہاکہ حقوق کی جنگیں بزدلی سے نہیں بلکہ مضبوط قوت ارادی، مہارت اور جرات کے ساتھ لڑ کرہی جیتی جاسکتی ہیں لہٰذا ہمیں چاہیے کہ ہم اللہ تعالیٰ کے سوا کسی سے نہ ڈریں اور ایمانداری سے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ الطاف حسین نے کہاکہ آج میں یہ بات فخریہ انداز میں کہنا چاہتا ہوں کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے قومی اسمبلی کے ایوان میں جو معرکة الآرا تقریر کی ہے وہ ہمیشہ ہمیشہ کیلئے تاریخ کا حصہ بن چکی ہے، اسے تاریخ میں کبھی بھلایا نہیں جاسکتا اور اس تاریخی تقریر پر میں اپنی ، رابطہ کمیٹی پاکستان اور لندن کے ساتھیوںاورپوری قوم کی جانب سے ڈاکٹر فاروق ستار کو دل کی گہرائی سے زبردست خراج تحسین اور سلام تحسین پیش کرتا ہوں۔