اسلام آباد(نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ سانحہ قصورجیسا واقعہ کسی بھی شہر میں پیش آ سکتا تھا ، حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی طرح اس واقعے میں بھی کوتاہی برت رہی ہے۔پشاور میں سٹریٹ چلڈرن کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان کا کہنا تھا کہ قصور واقعہ حکمرانوں کی ناکامی ہے۔یہ واقعہ پاکستان کے کسی بھی شہر میں پیش آ سکتا تھا لیکن حکومت سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی طرح اس واقعے میں بھی کوتاہی سے کام لے رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں قوانین تو موجود ہیں لیکن ان پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا۔ این جی اوز ایسے واقعات کے خلاف کام تو کر سکتی ہیں لیکن کوئی کارروائی نہیں کر سکتیں۔کارروائی کا اختیار حکومت کے پاس ہے ، قصور واقعے کے خلاف تمام سیاسی جماعتیں اوراین جی اوز متحد ہو جائیں اور آواز اٹھائیں۔ریحام خان کا کہنا تھا کہ ملزمان کیلئے ہم کوئی سزا تجویز نہیں کر سکتے ، عدالتیں موجود ہیں اور سزا دینا ان کا کام ہے۔