اسلام آباد( مانیٹرنگ ڈیسک ) الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ میں پنجاب اور سندھ کے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے نئی رپورٹ جمع کروادی ہے جس میں پولنگ کا نیا مجوزہ شیڈول بھی شامل ہے ، عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات میں تاخیر کی وجوہات کیلئے الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا ہے ،نئے مجوزہ شیڈول کے مطابق دونوں صوبوں میں پولنگ مرحلہ وار تین حصوں میں ہوگی ، پہلے مرحلے میں انتخابی سرگرمیاں 10ستمبر سے شروع ہونگی اور پولنگ 14نومبر کے دن ہوگی ، دوسرے مرحلے میں پولنگ کی تاریخ 29نومبر جبکہ تیسرے اور آخری مرحلے میں پولنگ کا دن 19دسمبر دیا گیا ہے ، جسٹس ایس خواجہ نے سماعت کے دوران برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کروانا حکومت کا کام ہے ، جسے مجبوراً ہمیں کروانا پڑ رہا ہے ، ہم آئینی طور پر اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں ہرمعاملے کو دیکھنا پڑتا ہے ، حکومتیں تاخیر کی وجوہات بتائیں انتخابات کیوں نہیں کروائے گئے ۔