کراچی (این این آئی)پاکستانی اداکارہ کرن تعبیر نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں پہلی بار ٹی وی پر دیکھ کر والد نے گھر سے باہر نکال دیا تھا۔سوشل میڈیا پر اداکارہ کے ایک انٹرویو کا کلپ وائرل ہورہا ہے جس میں انہیں اپنے کیرئیر کی ابتدا میں والد کے ردعمل سے متعلق بات کرتے دیکھا
جاسکتا ہے۔کرن تعبیر نے بتایا کہ ان کا تعلق ایک پنجابی فیملی سے ہے، والد سے جب آڈیشن کے لیے اجازت لی تو انہوں نے شوبز کے لیے سخت الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے انکار کردیا لیکن چونکہ وہ بہن بھائیوں میں سب سے چھوٹی تھیں اور ضدی بھی تھیں لہٰذا انہیں آڈیشن کی اجازت مل گئی۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ والد کو یقین تھا کہ کون سی سلیکشن ہوجانی ہے تو انہوں نے اجازت دے دی لیکن ایک ماہ بعد اداکاری کے لیے کال آئی۔کرن نے مزید بتایا کہ جب والد نے پہلی بار ٹی وی پر دیکھا تو غصے سے پوچھا کہ تم نے ٹی وی پر کام کیا ہے؟ جس کے بعد انہوں نے کہا کہ’ آج سے تم میرے لیے مر گئی ہو، نکل جاؤ میرے گھر سے ۔اداکارہ نے مزید بتایا کہ اس کے بعد والد نے انھیں بازو سے پکڑا اور بغیر چپل کے رات کے 9 بجے گھر سے باہر نکال دیا۔