اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) قصور میں بچوں سے زیادتی کے سکینڈل کے ایک ملزم نے گریجویٹ کررکھا ہے جبکہ گینگ کا سرغنہ حسیم طاہر نے انٹرمیڈیٹ کا امتحان پاس کررکھا ہے۔ قصور کے ایم پی اے ملک احمد سعید نے ملزموں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ علیم آصف گریجویٹ ہے۔ رکن صوبائی اسمبلی نے کہا ہو سکتا ہے دونوں ملزموں نے یہ ڈگریاں جرم کرتے وقت نہیں بلکہ حال ہی میں حاصل کی ہوں۔ ملک احمد سعید نے بتایا کہ ایک کے علاوہ تمام ملزموں کا تعلق علاقے کے چھوٹے زمیندار خاندانوں سے ہے۔ متاثرین کا تعلق بھی ایسے ہی گھرانوں سے ہے۔ ملک احمد نے کہا انہیں جون میں اس طرح کے واقعات کا علم ہوا میں نے متاثرہ خاندانوں سے تعاون کی پیشکش کی مگر وہ لوگ شرم کی وجہ سے ایف آئی آر درج کرانے کیلئے تیار نہ تھے۔ انہوں نے ایک ملزم سے اپنے تعلقات کی رپورٹوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا اگر میرا کسی ملزم سے تعلق ثابت ہو جائے تو میں کسی بھی سزا کا سامنا کرنے کو تیار ہوں۔ انہوں نے کہا الیکشن میں گائقں حسین خان والا کے نصف ووٹ مجھے ملے۔ باقی ووٹ دیگر امیدواروں کو ملے تھے۔ میرے سیاسی حریف سیاسی پوائنٹ سکورنگ کیلئے ایسے الزامات لگا سکتے ہیں۔