ڈیرہ اسماعیل خان (این این آئی)جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہکلہ کے مقام پر فیتہ کاٹ کر سی پیک کا عوامی افتتاح
کردیا۔مولانا فضل الرحمان نے ہکلہ میں سی پیک کی علامتی تختی کی نقاب کشائی کی، اس موقع پر انہوں نے کہاکہ عمران خان نے تو اس منصوبے کو روک دیا ہے ہم اس کے اگلے مرحلے کا افتتاح کریں گے، عمران خان کوسی پیک کا افتتاح اپنے آفس میں کرنے کا حق نہیں تھا،عوام نے اپنے منصوبے کا خود افتتاح کیا۔مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ آپ نے بلے کی حکومت دیکھی، آج غریب آدمی آٹا نہیں خرید سکتا، ہم نے بارہ سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا کیا ہے، پہلے سال میں ایک بجٹ ہوتا تھا اب چار ہوتے ہیں، قوم اور ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔اس سے قبل اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیرکی تقریب سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت نے جس طرح کشمیرکا سودا کیا ملک کا بھی کرسکتے ہیں، ناکام، نااہل حکمرانوں نے کشمیریوں کو ظالم درندوں کے سپرد کردیا۔