لاہور(نیوزڈیسک)متحدہ قومی موومنٹ لاہور زون کے جوائنٹ انچارج ملک مقصوداحمد اعوان ایڈووکیٹ نے اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ ایم کیو ایم سے علیحدگی کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ الطاف حسین اور ایم کیو ایم کی ملک دشمنی پوری طرح بے نقاب ہوچکی ہے ،قومی سلامتی کے اداروں کےخلاف اور بھارتی ایجنڈے کے تحت کام کرنے والوں کے ساتھ مزید ساتھ چلناناممکن ہے ،میں ایم کیوایم کے قائدین کے خلاف وعدہ معاف گواہ معاف بننے کے لئے بھی تیارہوں۔ وہ لاہور پریس کلب میں این اے 118سے ایم کیو ایم کے ٹکٹ ہولڈرچوہدری انورعلی گل ایڈووکیٹ، انچارج لاہور زون رانافرحت علی خان ایڈووکیٹ،سابقہ انچارج لاہور زون کرنل(ر)آغا جہانگیر، سیدمجتبیٰ حسن گیلانی ایڈووکیٹ اور انچارج یوتھ ونگ طارق سجاد چدھڑایڈووکیٹ سمیت دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ ایم کیو ایم کے مطالبے پر رینجرزنے کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا تھا مگر جب رینجرزنے کراچی سے جرائم پیشہ افراد کی پکڑ دھکڑ شروع کی تو ان افراد کا تعلق زیاد تر ایم کیو ایم سے ہی نکلا ،یہ وہ لوگ تھے جنہوں نے معصوم افراد کابے دریغ قتل کیا،لینڈ مافیاکے سرپرستوںنے مہاجروں کو پاکستانی قوم سے الگ کرکے پنجابیوں اور پشتونوں سے لڑاکر ریاست پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا اسی طرح کراچی اور حیدرآباد جیسے پرامن اور روشنیوں کے شہرکو تباہی اور بربادی کا نمونہ بنادیا۔