اسلام آباد (نیوزڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت قصور میں زیادتی کا شکار ہونے والے بچوں کو انصاف فراہم کرے گی.غیر انسانی فعل میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے گی۔ پیر کو جاری بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات نے اس واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مہذب بالخصوص اسلامی معاشرے میں اسطرح کے گھناﺅنے اور افسوسناک واقعات کو برداشت نہیں کیا جاسکتا۔ وفاقی وزیر نے وزیر اعلیٰ پنجاب کی طرف سے اس معاملہ کی عدالتی تحقیقات کے احکامات جاری کرنے کا خیرمقدم کیا اور اس اعتماد کا اظہار کیا کہ اس سے نہ صرف سچائی کوسامنے لانے میں مدد ملے گی بلکہ اس کے پیچھے جو عناصر ہیں ان کو بھی پکڑا جا سکے گا۔ وفاقی وزیر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ عوام اس واقعہ کے حوالے سے متعلقہ حکام کو معلومات اور شواہد فراہم کریں گے تاکہ اس گھناﺅنے فعل کے مرتکب افراد کو شناخت کرکے عدالت میں ان کیخلاف مقدمہ جلد چلایا جا سکے ۔