فیصل آباد (این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو خطرے میں دیکھتے ہوئے حکومتی جماعت کے متعدد ایم این ایز اور ایم پی ایز نے ن لیگ میں واپسی کے لیے پر تولنا شروع کردیے۔ تفصیلات کے مطابق 2018 کے عام انتخابات کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ ن کے
متعدد ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے ختم نبوت کا سہارا لیتے ہوئے تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور پھر تحریک انصاف کے ٹکٹ یعنی بلے کے نشان پر میدان مارا۔ اب انہیں ممبران نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو کمزور ہوتا اور ن لیگ کی پوزیشن کو بہتر ہوتا ہوا دیکھ کر دوبارہ ن لیگ میں واپسی کے لیے چور دروازے ڈھونڈا شروع کردیے ہیں۔ جو ممبران واپسی کے لیے پر تول رہے ہیں ان میں سے اکثر نے اپنے اپنے حلقہ میں ترقیات کام بھی شروع کروا رکھے ہیں تا کہ وہ عوام کو پھر اپنی کارکردگی دکھا کر اگلی بار الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے کے قابل ہوجائیں۔ لیکن ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال کو دیکھ ان ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو اپنی کارکردگی سے زیادہ ن لیگ کے ٹکٹ پر بھروسہ ہے اس لیے اب انہوں نے ن لیگ کے لیڈروں سے بھی رابطہ کرنے شروع کردئیے ہیں دوسری جانب ذرائع کا یہ دعویٰ ہے کہ ن لیگ کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہر بار الیکشن کے نزدیک آتے ہی پارٹی کی پوزیشن کو بہتر ہوتا دیکھ جن جن ممبران کی جانب سے مسلسل پارٹیاں تبدیل کرنے کا رجحان رہا ہے ان کی اب پاکستان مسلم لیگ ن میں کوئی جگہ نہیں اور نہ ہی عوام ان لوٹوں کو اپنے ووٹ کی طاقت سے دوبارہ اقتدار میں لائیں گے۔