اسلام آباد (این این آئی ،مانیٹرنگ ڈیسک)پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے 7 ویں ایڈیشن کے آفیشل ٹریک نے ریلیز ہوتے ہی دھوم مچادی ہے۔ویڈیو شیئرنگ ایپ یوٹیوب پر موجود پاکستان سپر لیگ کے چینل پر گزشتہ شام کو ایونٹ کے آفیشل ٹریک کی ویڈیو ریلیز کی گئی ہے،یہ
ویڈیو صرف 16 گھنٹوں میں ویڈیو شیئرنگ ایپ پر تقریباََ 2 ملین ویوز حاصل کرچکی ہے۔رواں سال پی ایس ایل کے آفیشل ٹریک میں گلوکار عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے آواز کا جادو جگایا ہے ،اس کے موسیقار عبداللہ صدیقی ہیں۔ آفیشل ٹریک نے میگا ایونٹ پی ایس ایل 7 کے آغاز سے قبل ہی کرکٹ کے مداحوں کیلئے ماحول بنا دیا ہے۔اس ویڈیو پر ناصرف پاکستان بلکہ سرحد پار بھارت میں موجود گلوکار عاطف اسلم کے مداحوں کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔جنگ کی رپورٹ کے مطابق آفیشل ترانے کی ویڈیو کے ایک سین میں مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا نام بھی سامنے آتا ہے جو ممکنہ طور پر غیر دانستہ طور پر ہوا ہے۔ترانے کی ویڈیو کے 35 ویں سیکنڈ میں گلی کوچوں میں کرکٹ کے متوالے بچوں کو بھاگتا دکھایا گیا ہے ، ایک سیکنڈ کے اس سین میں دیوار پر ترقیاتی کام کے افتتاح کی تختی پر مریم نواز کا نام درج ہے۔مریم نواز کے ساتھ لاہور کے علاقے مزنگ کے حلقے سے رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہونے والے ماجد ظہور کا نام بھی دیکھا جاسکتا ہے۔