روم(این این آئی)ترکی سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر محمد اصلان نے جب ایک شامی شہری کی تصویر لی تو اسے معلوم نہ تھا کہ یہ تصویر اس میں نظر آنے والے کی زندگی بدل دے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق اٹلی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ وہ شامی پناہ گزین
منذر النزال کے گھرانے کا خیر مقدم کرے گا۔ محمد اصلان کی تصویر میں منذر اپنی ایک پنڈلی اور بیٹے مصطفی کے ساتھ نظر آ رہا ہے جو ہاتھوں سے محروم ہے۔ اصلان کی اس تصویر نے 2021 کے سیینابین القوامی تصویری مقابلے میں انعام حاصل کیا۔اٹلی کی وزارت برائے خارجہ امور اور بین الاقوامی تعاون نے تصدیق کی کہ منذر النزال کا گھرانہ ننھے مصطفی کے ساتھ اطالوی سرزمین پر پہنچنے والا ہے۔ اس سلسلے میں انقرہ میں اطالوی سفارت خانے نے وزارت خارجہ کے متعلقہ شعبے کے ساتھ رابطہ کاری کے ذریعے مطلوبہ اقدامات مکمل کر لیے ہیں۔ وزارت خارجہ کے مطابق سیینا ایوارڈ فیسٹول کے منتظمین کی جانب سے چلائی گئی عطیات مہم کی بدولت النزال اور اس کا بیٹے کا مصنوعی اعضا کے مرکز میں طویل المیعاد علاج بھی ہو سکے گا۔واضح رہے کہ دنیا کو ہلا دینے والی تصویر نے گذشتہ برس اکتوبر میں سیینا بین الاقوامی تصویری مقابلے کی ایوارڈز تقریب میں 2021 کے لیے بہترین تصویر کا انعام جیتا تھا۔ اس سے قبل یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی تھی۔