کراچی(این این آئی) شہر قائد میں ڈاکوئوں نے مزاحمت پر بڑے بھائی کے سامنے چھوٹے بھائی کو قتل کر دیا، نوجوان کے اہلخانہ نے ملزمان کوعبرت ناک سزا دینے کا مطالبہ کیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوئوں نے ایک اور نوجوان کو واردات کے دوران قتل کردیا، کورنگی انڈسٹریل ایریا میں ملزمان نے مزاحمت پر نوجوان بلال کو بڑے بھائی کے سامنے گولی مار دی۔
مقتول کے بھائی نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اور اس کا بھائی فیکٹری سے واپس آ رہے تھے کہ راستے میں موٹر سائیکل سوار ملزمان نے روکا۔ مسلح ڈاکوئوں نے پہلے ایک گولی زمین پر چلائی اور پھر دوسری گولی بلال کے گلے کی جانب چلا ڈالی۔ ملزمان نے فائرنگ کرنے کے بعد نقدی،موبائل فون چھینا اور فرار ہوگئے۔واقعے کے عینی شاہد کاشف نے بتایا کہ میں اورمیرا بھائی محنت مزدوری کرکے گھر والوں کی کفالت کرتے ہیں، ہم ملازمت سے واپس گھر آرہے تھے یہ واقعہ پیش آیا، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے، پولیس ہم سے رابطے میں ہے، نماز جنازہ ہے جس کے بعد مقدمہ درج کروائیں گے۔بلال کے دوست نے بتایاکہ مقتول بلال اورہم سب گارمنٹس فیکٹری میں ملازمت کرتے ہیں ، کورنگی انڈسٹری ایریا جرائم کاگڑھ بن چکا ہے،آئے روز وارداتیں ہورہی ہیں ، کوئی پوچھنے والا نہیں۔کراچی میں قاتل لٹیروں کے ہاتھوں مارے جانے والے بلال کی والدہ غم سے نڈھال ہے ، والدہ کا کہنا ہے کہ میرا ہیرو بیٹا تھا جو چھین لیاگیا، مطالبہ کرتی ہوں کہ قاتلوں کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے۔دوسری جانب پولیس نے واقعے کی مختلف پہلوں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے گولی کا ایک خول ملا ہے جو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان خان نے ایس ایچ او کورنگی شہزادہ سلیم اور ایس ایچ او شاہ فیصل فخرالزماں کو ناقص کارکردگی پر معطل کردیا۔