لاہو ر(نیوزڈیسک )پنجاب اسمبلی کے رکن سیدزعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ قصور واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔ ہر معاملے پر پوائنٹ سکورنگ کرنا تحریک انصاف کا وطیرہ بن چکا ہے۔ سید زعیم حسین قادری نے محمود الرشید کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نہیں خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی پر سوالیہ نشان موجود ہیں۔پولیس سمیت سرکاری اداروں پر الزام تراشی کرنا تحریک انصاف کے رہنماﺅں کی عادت بن چکی ہے۔ ایک افسوسناک واقعہ پر سیاسی بیان بازی اور الزام تراشی انتہائی غیرذمہ دارانہ حرکت ہے۔ پی ٹی آئی لیڈرشپ کو اپنی سماجی اور معاشرتی ذمہ داریوں کا احساس کرنا چاہیے۔ زعیم قادری نے کہا کہ قصور واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے اور گھناﺅنے افعال کے مرتکب سخت سزا کے حق دار ہیں۔ واقعہ میں ملوث ملزم کسی رو رعایت کے مستحق نہیں۔