کراچی (این این آئی) کورونا سے گراؤنڈ اسٹاف کے بعد پی ایس ایل افسران اور کھلاڑیوں کے اہل خانہ بھی متاثر ہونے لگے ۔پی ایس ایل کے سربراہ عثمان واہلہ اور سینئر افسر عون زیدی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد دونوں دس
روزہ آئسولیشین میں ہیں۔ ادھر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے پانچ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے سے قبل ہی کورونا کا شکار تھے اور اب کپتان سرفراز احمد کی والدہ اور اہلیہ بھی کورونا سے متاثر ہیں۔دوسری جانب کھلاڑیوں کے لیے ہوٹل میں ببل بنایا جارہا ہے ،پہلی بارگراؤنڈ اسٹاف کو بھی گھر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ گراؤنڈ اسٹاف کیلئے کراچی کے ہائی پرفارمنس سینٹر کو ببل میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) افسران آپس میں میل ملاپ سے گریز کررہے ہیں اور زیادہ تر میٹنگ آن لائن ہی ہورہی ہیں۔واضح رہے کہ پی ایس ایل کے ساتویں ایڈیشن کا پہلا میچ 27 جنوری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کراچی کنگز اور گزشتہ سیزن کے چمپئن ملتان سلطانز کے درمیان کھیلا جائے گا۔