اسلام آباد(نیوز ڈیسک) کراچی میں وسیم اکرم سے جھگڑا اور فائرنگ کے واقعہ کی تفتیش جاری ہے۔ کار کے مالک کو پولیس تلاش کررہی ہے ، گرفتار ڈرائیور نے اپنا بیان پولیس کو ریکارڈ کرا دیا ، اس کا کہنا ہے اسے معلوم نہیں تھا کہ سلور رنگ کی گاڑی میں وسیم اکرم سوار ہیں۔ کراچی میں 5 اگست کو کارساز کے قریب وسیم اکرم سے جھگڑا اور فائرنگ کرنے والے ملزم عامر گاڑی کے ڈرائیور کو گرفتار کرکے پولیس کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس واقعہ میں استعمال ہونے والی کار کے مالک کو تلاش کر رہی ہے۔ پولیس نے گرفتار ہونے والے ڈرائیور الطاف کا بیان ریکارڈ کرلیا ہے۔ اس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ٹکر کے بعد گھبراگیا تھا جس کے بعد اس نے گاڑی بھگانے کی کوشش کی ، جب وسیم اکرم نے اپنی گاڑی سے دبایا تو ہم رک گئے ، وسیم اکرم کی گاڑی پر گولی میں نے نہیں چلائی ، اسے معلوم نہیں تھا کہ سلور رنگ کی گاڑی میں وسیم اکرم سوارہیں۔ گاڑی کی ٹکر کے بعد مالک نے مجھے گاڑی تیز چلانے کو کہا۔ وسیم اکرم بھی غصے میں تلخ زبان استعمال کر رہے تھے۔ میری غلطی اتنی ہے کہ ٹکر کے بعد مالک کے کہنے پر گاڑی نہیں روکی۔