کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ، این این آئی )معروف براڈ کاسٹر اور ریڈیو آئیکون یاور مہدی طویل علالت کے بعد انتقال کرگئے۔یاور مہدی کی نماز جنازہ امام بارگاہ کاظمین سادات کالونی شاہ فیصل میں بعد نماز ظہرین ادا کی جائے گی۔خیال رہے کہ یاور مہدی ریڈیو پاکستان کا قیمتی اثاثہ تھے، طویل عرصے تک ریڈیو پاکستان سے وابستہ رہے اور ریڈیو پروگرام
بزمِ طلبہ کے پروڈیوسر بھی رہے۔اپنی خدمات کے سبب یاور مہدی نے سیاسی، علمی اور ادبی حلقوں میں نام پیدا کیا۔ یاور مہدی نے آرٹس کونسل کراچی کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔یاور مہدی نے بزمِ طلبہ کے ذریعے نوجوان شعرا اور ادیبوں کی تربیت کی، انہوں نے متعدد فنکار، شُعرا اور ادیب متعارف کروائے۔سینیٹر خوش بخت شجاعت، سینیٹر رضا ربانی، شاعرہ پروین شاکر، اسد اشرف ملک یاور مہدی کے شاگردوں میں شامل رہے ہیں۔دوسری جانب سندھ کے وزیر بلدیات، دیہی ترقی اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ سید ناصر حسین شاہ نے ریڈیو پاکستان کراچی کے سابق اسٹیشن ڈائریکٹر ،ماضی میں آرٹس کونسل آف پاکستان کے عرصہ دراز تک سیکریٹری اور فن و ادب کے شعبے میں گرانقدر خدمات انجام دینے والے یاور مہدی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ فن و ادب کے حلقوں میں یاور مہدی ایک فنکار شناس اور فنکار ساز شخصیت کی شہرت کے حامل تھے۔ ریڈیو پاکستان کے مشہور عام
پروگرام بزم طلبہ کے پروڈیوسر کی حیثیت سے انہوں نے سندھ اور پاکستان کے بہت اعلی صلاحیت کے حامل نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے لئے بھر پور مواقع فراہم کئے اور ان کے روشناس کرانے گئے نوجوان طلباء و طالبات نے عملی زندگی میں بہت نام پیدا کیا اور یہ ہی یاور مہدی کا سب سے بڑا اعزاز تھا کہ انہوں نے باصلاحیت افراد کی اس وقت
مدد کی جب انہیں کوئی پہچانتا نہیں تھا۔ یاور مہدی نے سندھ اور پاکستان کے بے شمار باصلاحیت افراد اور فنکاروں کو متعارف کرایا۔سید ناصر حسین شاہ نے دعا کی ہے رب العزت مرحوم کے درجات کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا کرے۔