لاہور (آن لائن) صوبائی دارالحکومت لاہور میں کرونا وائرس اور اومی کرون ویرینٹ تباہی مچانے لگا ہے محکمہ صحت پنجاب کے غیر مصدقہ اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر میں کرونا وائرس کے مزید 777 کیسز سامنے آگئے۔ جس کے بعد شہر میں کرونا
وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 10.7 فیصد ہوگئی ہے۔ مزید برآں شہر میں کرونا وائرس 1 زندگی نگل گیا ہے علاوہ ازیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اومی کرون ویرینٹ کے مزید 45 کیسز بھی سامنے آگئے ہیں۔ جس کے بعد اومی کرون ویرینٹ کے مریضوں کی تعداد 391 تک پہنچ گئی ہے دوسری طرف آل پاکستان بین الصوبائی وزرائے تعلیم کانفرنس جو جمعرات کی صبح 11 بجے منعقد ہونا تھی بعض وجوہات کی بنا پر ایک ہفتے کے لئے ملتوی کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ یہ کانفرنس وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی زیر صدارت منعقد ہونا تھی۔ جس میں کرونا کی حالیہ لہر اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کی کرونا ویکسینیشن کا جائزہ لیا جانا تھا یہ بھی بتایا گیا ہے کہ کرونا وائرس اور اومی کرون کی حالیہ لہر کے پیش نظر شہر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ تاہم ابھی تک ان ہسپتالوں میں کرونا وائرس میں مبتلا صرف وہ 10 فیصد مریض زیر علاج ہیں جنہوں نے اپنی کرونا ویکسینیشن نہیں کروائی تھی۔ ان ہسپتالوں میں 90 فیصد بیڈز خالی پڑے ہیں۔