ملتان (این این آئی ) نیا پاکستان صحت کارڈ تاریخ کا بڑا فلاحی پروگرام ہے۔ تحریک انصاف حکومت صحت کی سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچا رہی ہے۔ صحت کارڈ سے پنجاب کے کروڑوں خاندان مستفید ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار فائونڈر ممبر و چیئر پرسن نارکوٹکس کنٹرول کمیٹی پنجاب تسنیم کوکب نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام صحت کارڈ پروگرام کے
اجراء پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے مشکور ہیں اور اگلے پانچ سال بھی عمران خان کو ہی وزیر اعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ سے 10 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت میسرآئے گی جو کسی غریب خاندان کی علاج نہ کروا سکنے سے دم توڑتی زندگی کو سانسیں میسر کرنے کیلئے خوش آئند ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ یہی وہ حقیقی تبدیلی ہے جو تحریک انصاف حکومت لائی ہے اور یہی وہ نیا پاکستان ہے جس کا وعدہ عمران خان نے عوام سے کیا تھا۔ ضلع ملتان کے عوام موجودہ حکومت کی عوام دوست، مزدور دوست، محنت کش دوست پالیسیوں کو سراہتے ہیں اور ضلع کی حالت پہلے سے بہتر ہونے پر ضلعی و صوبائی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہیں۔ تسنیم کوکب نے کہا کہ تحریک انصاف حکومت نے صحت کی سہولتیں عوام کے دہلیز پر پہنچا کر وعدہ پورا کیا ہے اور حکومت نمائشی منصوبوں کی بجائے دوررس نتائج کے حامل منصوبے متعارف کروا رہی ہے۔ تحریک انصاف حکومت کے عوامی پروگرام فلاحی ریاست اور ریاست مدینہ کے خواب کی عملی تعبیر ثابت ہو رہے ہیں۔ جنوبی پنجاب خوبصورت بنانا اور عوام کو ہر سہولت دلوانا ہی میری سیاست و زندگی کا مقصد ہے۔