کیلیفورنیا(این این آئی)ذیابیطس سمیت کئی امراض سے آگاہ کرنے والے کانٹیکٹ لینس متعارف کرادئیے گئے،میڈیارپورٹس کے مطابق کیلیفورنیا میں واقع اِن ودھ نامی کمپنی نے برسوں کی محنت سے اسے تیار کیاجس میں مرکزی لینس لچکدار ہائیڈروجل سے بنایا گیا ہے۔
اس کے کنارے پر مائیکروالیکٹرانکس کا کمال ہے جس کی بدولت باریک سرکٹ، سینسر اور مائیکروچپ لگائی گئی۔ اتنے نظام کے باوجود کوئی بھی شے آنکھوں میں محسوس نہیں ہوتی۔لینس کے اندر بچھا ہوا پورا نظام آنکھوں کے اندر کی جسامت، شکل اور بیرونی سطح کا خیال رکھتا ہے۔ اگر آنکھوں میں خون کی باریک ترین رگوں میں کوئی تبدیلی ہوتی ہے یا ریٹینا میں کچھ اتار چڑھائو ہوتا ہے تو اس کی فوری خبر مل جاتی ہے۔ اس کا ڈیٹا حقیقی وقت میں ایپ کی بدولت اسمارٹ فون اور کمپیوٹر تک پہنچتا رہتا ہے۔لینس میں یہ خاصیت موجود ہے کہ وہ سبزموتیا یا گلوکوما اور دیگر بیماریوں کا پتا لگا سکتا ہے۔ لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ کسی طرح خون میں شکر کی مقدار بڑھتی ہے تو لینس پہننے والے کو اس کا علم ہوجائے گا۔ اس طرح ہم لینس کو آنکھوں میں سمائے ہوئے ڈاکٹر سے تعبیر کرسکتے ہیں۔ان ودھ کمپنی کا دعوی ہے کہ انہوں نے دنیا کا پہلا نرم برقی سرکٹ والا کانٹیکٹ لینس بنایا ۔ تاہم کمپنی نے اس کی قیمت کا اعلان نہیں کیا ۔